کاپ،10؍ دسمبر (ایس او نیوز) کاٹا پاڈی اینگڈے علاقے میں رہائش پزیر ایک مسلم گھر کے دروازے پر درویشوں کے روپ میں خیرات مانگنے کے لئے آنے والے تین افراد نے خاتون کے زیورات پر ہاتھ صاف کردیا۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ درویشوں نے کچھ گاتے ہوئے گھر کے اطراف چکر لگائے تو اندر سے خاتون باہر آئی ۔ جس کا کہنا ہے کہ درویشوں نے دھویں اور راکھ کے ذریعے اس پر کچھ دیر کے لئے بے خودی سے طاری کردی ۔ اور اس نے اپنے گھر کے اندر موجود زیورات لا کر ان درویشوں کے کندھے سے لٹکی ہوئی جھولی میں ڈال دی ۔ پھر جب وہ درویش نما چور اس کے گھر سے دور نکل گئے تو اسے ہوش آیا اور لوٹے جانے کی بات پتہ چلی ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ وہ فقیر نما چور گھر کے آنگن میں گھوم پھر رہے تھے۔
دوسرا معاملہ ایک کھاد کی دکان میں پیش آیا جہاں ایک شریف انسان نظر آنے والے گاہک نے تقریباً ایک ہزار روپے کی چیزیں خریدنے کے بعد دکان مالک سے کہا کہ اس کے فون پر وہاٹس ایپ اپڈیٹ نہیں ہوا ہے اور اسے اپنے دوست سے ارجنٹ ڈاکٹر کی لکھی ہوئی دوائی کی چٹھی منگوانا ہے اس لئے ذرا اس کا فون استعمال کرنے کے لئے دے ۔ دکاندار نے اس کے ہاتھ میں تھمایا تو وہ اپنے دوست کو فون لگا کر بات چیت کرنے کی ایکٹنگ کرتے ہوئے دکان سے باہر نکلا اور پھر موبائل سمیت وہاں سے غائب ہوگیا ۔ دکان کے مالک اودئے شیٹی نے بتایا کہ گاہک کے روپ میں آنے والے چور نے 18000 روپے مالیت کا فون اڑا لیا۔
کاپ پولیس اسٹیشن میں دونوں معاملے درج کرنے کے بعد پولیس اہکاروں نے مختلف مقامات پر ملزمین کو تلاش کرنے کی مہم چلائی مگر تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔